SCD yogurt preparation (ایس سی ڈی دھی)
ایس سی ڈی دھی کیا ہے؟
ایس سی ڈی دھی ایک ایسا دھی ہے جو ایس سی ڈی میں بتائی گئی ھدایات کے مطابق تیار کیا جائے۔ ایسا تیار کردہ دھی آئی بی ڈی (السریٹو کولائٹس، کرونز) اور آئی بی ایس کے مریضوں کیلئے موزوں ہے کیونکہ اس میں لیکٹوز نہیں ہوتا،۔۔۔ لیکٹوز دودھ میں پائی جانے والی قدرتی چینی ہے جس سے مریضوں کی آنتوں کی سوزش میں اضافہ ہوتا ہے۔
ایس سی ڈی دھی کے کیا فوائد ہیں؟
ایس سی ڈی دھی کے اندر کیلشیم کے ساتھ ساتھ مختلف طرح کی وٹامنز ہوتی ہیں جو کہ اچھی صحت اور طاقت کیلئے ضروری ہیں۔ مثلاً نیچے دیے گئے چارٹ میں خالص دودھ اور دھی کا موازنہ کیا گیا ہے کہ کس میں کون سی اجزاء کتنی مقدار میں ہیں۔
Property خاصیت |
Milk دودھ |
Yogurt دھی |
---|---|---|
طاقت |
610 kJ (146 kcal) | 620 kJ (149 kcal) |
Total carbohydrates کاربوہائیڈریٹس |
12.8 g | 12 g |
Total fat کل فیٹس |
7.9 g | 8.5 g |
کولیسٹرول |
24 mg | 32 mg |
پروٹین |
7.9 g | 9 g |
کیلشیم |
276 mg | 296 mg |
فاسفورس |
222 mg | 233 mg |
پوٹاشیم |
349 mg | 380 mg |
سوڈیم |
98 mg | 113 mg |
وٹمن اے |
249 IU | 243 IU |
وٹامن سی |
0.0 mg | 1.2 mg |
وٹامن ڈی |
96.5 IU | ~ |
وٹامن ای |
0.1 mg | 0.1 mg |
وٹامن کے |
0.5 μg | 0.5 μg |
تھائیمین |
0.1 mg | 0.1 mg |
ریبوفلیون |
0.3 mg | 0.3 mg |
نیاسن |
0.3 mg | 0.2 mg |
وٹامن بی سکس |
0.1 mg | 0.1 mg |
فولیٹ |
12.2 μg | 17.2 μg |
وٹامن بی 12 |
1.1 μg | 0.9 μg |
چولین |
34.9 mg | 37.2 mg |
بیٹین |
1.5 mg | ~ |
پانی |
215 g | 215 g |
Ash | 1.7 g | 1.8 g |
ایس سی ڈی دھی کب لینا چاہیے
اگر فلیئر میں ہیں تو مقدار بہت کم رکھیں، زیادہ سے زیادہ 2 کھانے کے چمچ۔ اگر فلیئر نہیں ہے تو برداشت کے مطابق استعمال کریں۔ دھی کی لسی بنا کر اس میں شہد مکس کر کے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
دھی کی جھاگ
ایس سی ڈی یوگرٹ کی جھاگ، یا یوگرٹ سٹارٹر (yogurt starter) مندرجہ ذیل دو اجزاء مل کر بنتا ہے۔
ا۔ لیکٹو بیسیلس بلگیریکس (lactobacillus bulgaricus)
۲۔ سٹریپٹو کوکس تھرموفیلس (Streptococcus thermophilus)
یہ دونوں زندہ بیکٹریا ہیں جنہیں یوگرٹ کلچرز (yogurt cultures) بھی کہا جاتا ہے۔ ایک تیسرا یوگرٹ کلچر بیفیڈو بیکٹیریا (bifidobaceria) ہے جو عموماً بازار کے دھی میں پایا جاتا ہے اور وہ ایس سی ڈائیٹ میں منع ہے۔ جب دھی جمانے کیلئے رکھا جاتا ہے، تو یوگرٹ کلچر بیکٹیرا، دودھ کے اندر پائی جانے والی چینی (لیکٹوز) (lactose) کو کھانا شروع کر دیتا ہے، جس کے نتیجے میں لیکٹک ایسڈ (lactic acid) بنتا ہے جو دھی میں پائی جانے والی پروٹین پر اثر انداز ہوتا ہے، جس سے دودھ کی شکل دھی میں تبدیل ہوتی ہے، اور دھی کے اندر کھٹاس آجاتی ہے۔ اوپر بتائے گئے یوگرٹ کلچرز ان دو جگہوں پر دستیاب ہیں:
یہ آپ آنلائن پیمنٹ کرکے آرڈر کر سکتے ہیں، یا ان دو ویب سائٹس کے ذریعے منگوا سکتے ہیں:
فیس بک کے گروپ packr کے ذریعے بھی کسی سے منگوایا جا سکتا ہے۔
یوگرٹ میکر کے ذریعے دھی جمانا
ایس سی ڈی یوگرٹ میکر ایسا ہونا چاہیے جو دودھ کو 105F-108F پر 24 گھنٹوں کیلئے رکھ سکے۔ جو یوگرٹ میکر ایس سی ڈی کے حساب سے بنایا گیا ہے وہ یہ والا ہے:
LUVELE PURE PLUS YOGURT MAKER | 2L GLASS CONTAINER SCD & GAPS DIET
اس کے علاوہ daraz.pk پر بھی کچھ الیکٹرانک، ہیٹر والے یوگرٹ میکر موجود ہیں جنہں چیک کیا جا سکتا ہے کہ کیا وہ مطلوبہ درجہ حرارت دے پاتے ہیں کہ نہیں۔ اگر یوگرٹ میکر آسانی سے دستیاب نہیں ہے تو دہی والے برتن کو الیکٹرانک ہیٹنگ پیڈ (heating pad) میں لپیٹ کر رکھا جا سکتا ہے، تاکہ ہیٹنگ پیڈ اسے مطلوبہ درجہ حرارت پر گرم رکھے۔
ہیٹنگ پیڈ سے یوگرٹ بنانا
ہیٹنگ پیڈ کے ذریعے یوگرٹ بنانے کیلئے یہ اشیاء درکار ہیں۔
— ایک بڑا برتن جس میں گرم پانی ڈالا جائے گا۔ اور جس کا منہ ڈھکن سے یا پلاسٹک سے بند کیا جا سکے تاکہ گرم پانی کے بخارات نہ اڑ سکیں۔
— ایک چھوٹا برتن جس میں دودھ ڈالا جائے گا یوگرٹ کلچر مکس کر کے، اس کا منہ کپڑے سے بند کیا جائے۔
— ایک ہیٹنگ پیڈ جسکا درجہ حرارت کم از کم 110F تک بڑھے۔ مثلاً نیچے دکھائے گئے ہیٹنگ پیڈ کا درجہ حرارت 120F سے زیادہ بڑھتا ہے اور یہ daraz.pk سے آنلائن منگوایا جا سکتا ہے۔ کسی اور کمپنی کا ہیٹنگ پیڈ لیتے وقت تھرمو میٹر سے یہ چیک کر لینا چاہیے کہ اس کا درجہ حرارت ضروری درجہ حرارت کے مطابق ہے کہ نہیں۔
— ایک تھرمو سٹیٹ بجلی کا سوئچ (ماڈل XH-W3001 W3001) جس کے ساتھ ہیٹنگ پیڈ کو کونیکٹ کیا جائے گا۔ اور تھرمو سٹیٹ سوئچ کا تھرمومیٹر پانی کے برتن میں ڈبویا جائے۔ تھر مو سٹیٹ سوئچ کا یہ والا ماڈل سستا ہے اور کئ پاکستانی ویب سائٹس مثلاً daraz.pk سے آن لائن منگوایا جا سکتا ہے، اور aliexpress.com سے بھی منگوایا جا سکتا ہے۔
— ایک چھوٹا کمبل جو ہیٹنگ پیڈ پر اس وقت ڈالا جائے گا جب اس میں پانے کا برتن رکھ دیا جائے گا۔
— ایک فوڈ تھرما میٹر، ابلے ہوئے دودھ کا درجہ حرارت دیکھنے کیلئے۔ یہ بھی آنلائن منگوایا جا سکتا ہے۔ مثلاً:
نیچے تصویر میں سب چیزوں کو جوڑنے کا طریقہ دکھایا گیا ہے۔
طریقہ کار:
ایک صاف برتن میں دودھ کو کچھ دیر کیلئے 200F پر ابالیں۔ دودھ کا وقتاً فوقتاً درجہ حرارت دیکھنے کیلئے فوڈ تھرما میٹر استعمال کریں۔ اگر دودھ پہلے سے ابال کر رکھا ہوا ہے، تو اس صورت میں بھی دودھ کو دوبارہ ابالیں۔ ابلے ہوئے دودھ کو صاف برتن میں منتقل کریں جس میں اسے دھی جمانے کیلئے رکھا جائے گا۔ ایسے برتن کو پہلے سے ابلے ہوئے پانی سے دھو کر اور خشک کر کے رکھنا چاہیے تاکہ دودھ میں فنگس نہ جم جائے۔ دودھ کو ٹھنڈا ہونے دیں، جبتک کہ دودھ کا درجہ حرارت 110F تک نہیں پہنچ جاتا۔
جب دودھ کا درجہ حرارت 110F تک پہنچ جائے تو اس میں یوگرٹ سٹارٹر ڈالیں۔ ایک گرام یوگرٹ سٹارٹر سے ایک لیٹر، 1.5 گرام سے دو لیٹر، اور 2 گرام سے چار لیٹر تک دھی بن سکتا ہے۔ ایک لیٹر دھی جمانے کیلئے ایک چھوٹی چمچ میں 1/3 حصے سے کم یوگرٹ سٹارٹر ڈالیں (تقریباً ایک چٹکی) اور اسے دودھ میں اچھی طرح مکس کریں۔ جس چمچ سے دودھ کو مکس کیا جائے اسے پہلے اچھی طرح ابلے ہوئے پانی سے دھوئیں ورنہ دودھ میں فنگس پڑ سکتی ہے۔
دودھ کے برتن کو بڑے برتن میں رکھیں جس میں گرم پانی ہو اور تھرمو سٹیٹ سوئچ کا تھرمامیٹر ڈبویا ہوا ہو۔ اور پانی کے برتن کا ڈھکن لگا کر اچھی طرح ہیٹنگ پیڈ سے لپیٹ دیں، اور پھر ہیٹنگ پیڈ کو اچھی طرح کمبل میں لپیٹ دیں۔
نیچے والی تصویر میں دکھایا گیا ہے کہ ہیٹنگ پیڈ کو کیسے پانے کے برتن کے گرد لپیٹنا ہے۔ اس طرح سے لپیٹنے کے بعد اس کو اچھی طرح کمبل سے ڈھک دیں، پانی میں تھرمو سٹیٹ سوئچ کا تھرمامیٹر ڈالنے کے بعد۔
پانی کے برتن کو ڈھکن سے یا کسی پلاسٹک سے کوّر کرنا ضروری ہے تاکہ پانی بخارات بن کر نہ اڑ جائے۔ ہیٹنگ پیڈ کو تھرموسٹیٹ سوئچ سے کونیکٹ کریں اور تھرمو سٹیٹ سوئچ کو آن کرنے کے بعد اس پر نیچے والا درجہ حرارت 104F اور اوپر والا درجہ حرارت 110F تک سیٹ کر دیں۔ تقریباً 32 گھنٹے تک دھی کو جمنے دیں اور کوشش کریں اس دوران بجلی بند نہ ہو۔ (شروع کے آٹھ گھنٹے درجہ حرارت کو 104F تک پہنچنے میں لگ سکتے ہیں)۔
اگلی بار دھی جمانے کیلئے باقی تمام اقدامات و مراحل وہی ہے، ماسوائے اس کے کہ پچھلے دھی ہی کے دو کھانے کے چمچ سٹارٹر کے طور پر استعمال کیے جا سکتے ہیں.
SCD Yogurt preparation steps